Wednesday, October 24, 2012

بے رحم موت


سنتے آئے ھیں محبت اندھی ھوتی ھے ۔۔ وہ کچھ نہیں دیکھتی یہ تو میں نہیں جانتی محبت حقیقت میں اندھی ھوتی ھے کچھ دیکھتی سنتی ھے یا نہیں مگر مجھے یقین ھے موت اندھی ھوتی ھے وہ نہ حسن دیکھتی ھے نہ عمر نہ دولت نہ جوانی - پل بھر میں آکر دبوچ لیتی ھے نہ انسان خود کچھ کر سکتا ھے نہ اس سے وابستہ اس سے محبت کرنے والے لوگ


موت پل بھر میں سامنے آ کھڑی ھوتی ھے کچھ سوچنے کا کچھ کہنے سننے کا وقت بھی نہیں ملتا آس پاس کے لوگ بے یقینی سے دیکھتے رہ جاتے ھیں کتنا نا قا بل ِ یقین لمحے ھوتے ھیں کل وہ انسان جو ھمارے ساتھ تھا زندگی سے بھر پور ۔ اپنی زندگی کے ھزاروں پروگرام بناتا ھوا ھنستا کھیلتا جس کے بارے میں ھم سوچ بھی نہیں سکتے وہ بچھڑ گیا ھے آسمانوں کو چھونے کی تمنا کرنے والا انسان منوں مٹی تلے جا چکا ھے



موت اندھی ھی نہیں بے حس بھی ھوتی ھے ۔ کبھی ایسا ھوتا ھے لوگ لمبی عمر کی دعا مانگ رھے ھوتے ھیں ۔ یہ نہیں کہ ان کے دل میں کوئ کھوٹ ھوتا ھے ۔ صدقِ دل سے مانگی ھوئ دعا ئیں ھوا میں تحلیل ھو جاتی ھیں زندگی ہار جاتی ھے اور موت ھزار منتوں کے باوجود اس وجود کو اپنے ساتھ کے جاتی ھے


اور کبھی ایسا ھوتا ھے انسان کے لیے ایک ایک سانس بھی بوجھ ھوتا ھے زندگی صرف تکلیف دہ احساس بن کر رہ جاتی ھے ھر لمحہ یہ انتظار رھتا ھے کب موت مہربان ھو جائے مگر موت دور کھڑی سب دیکھتی رھتی ھے

میری دوست کی امی کی یہ حالت دیکھی ھے انھیں کینسر تھا بہت تکلیف تھی ان کی تکلیف ان کی حالت سب دیکھنے والوں کے لیے بہت اذیت ناک تھا - وہ کہتی تھی ساری عمر میں نے صبر و شکر سے گزاری اب کوئ ایسی بات منہ سے نہیں نکالنا چاھتی جس سے میرا رب ناراض ھو کبھی اتنی تکلیف ھوتی ھے جی چاھتا ھے اپنے لیے موت کی دعا مانگو مگر یہ جائز نہیں زندگی اللہ دیتا اسے اپنے ھاتھ سے ختم کرنے کا حق انسان کو نہیں  میں سوچتی تھی جب موت ھی مقدر ھے تو پھر اتنی تکلیف کیوں - انسان ایڑیا رگڑتا رھے موت ترسا ترسا کر کیوں آتی ھے قطرہ قطرہ ۔ ایک ایک قدم اٹھاتی ھوئ


موت بے رحم ھوتی ھے وہ یہ بھی نہیں دیکھتی دنیا میں اس کی کتنی ضرورت ھے اس سے وابستہ لوگ کیسے جئیے گے ان کی محبت کی کمی کوئ پوری نہیں کر سکے گا ان کی جگہ کوئ نہیں لے سکے گا ان کی زندگی میں ایک خلا ھمیشہ رھے گا

ھماری بلاگر ساتھی جن کی تحاریر اور فیس بک پہ تبصرہ جات پڑھتے رھتے تھے ان کی وفات کی خبر ملی جس پہ ابھی تک مجھے یقین نہیں آیا ان کی بیٹی کا ِخیال بار بار آرھا ھے کہتے تو ھیں کسی کے جانے سے زندگی ختم نہیں ھوتی آہستہ آہستہ  لوگ جینا سیکھ لیتے ھیں - مگر عنیقہ جس طرح مشعل کے لیے سوچتی اس کی ھر بات پہ خوش ھوتی تھی اس کی ھر بات کو انجوائے کرتی تھی سمجھاتی تھی - اس کی جگہ کوئ نہ لے سکے عنیقہ کے ساتھ ساتھ مشعل کے لیے بھی ڈھیروں دعائیں ھیں اللہ ھمیشہ اس کے ساتھ رھے آمین




Tuesday, October 16, 2012

بے غیرت سے معذرت







نیٹ پہ اسلام کے دیوانے اپنے مسلمان ھونے کا ثبوت دینے کے لیے مختلف تصاویر شئیر کرتے رھتے ھیں آج یہ تصویر دیکھی تو بے اختیار ھنسی آئ اور اپنے قہقہے کو روک نہ سکی ۔ لوگ نجانے کیا سوچتے رھتے ھیں اپنا بہت سا وقت ایسے کاموں میں صرف کرتے ھیں


تصویر دیکھ کر بتائیں آپ آج کے مرد ھیں کیا گزرے ھوئے کل کے مرد
بلکہ اس تصویر کو زیادہ سے زیادہ شئیر کریں تاکہ لوگوں کو پتا چل سکے آپ ایک اچھے مسلمان اور غیرت مند مرد ھیں ورنہ لوگ آپ کو بے غیرت سمجھیں گے




Saturday, October 13, 2012

فون یہ فون


سلام کیسی ھو
ٹھیک ھوں تم سناؤ
ٹھیک ھوں پاکستان کس کارڈ سے فون کرتی ھوں میں جس کارڈ سے کال کرتی تھی ایک سو بیس منٹ بات ھوتی تھی آج بیس منٹ میں ختم ھو گیا
ھاں پاکستان فون کال مہنگی ھوگئ ھے
اوہ

------------------------------------------

کون سی اچھی فون سروس ھے جس سے پاکستان فون کر سکیں پہلے جو 3 یورو میں بات ھوتی تھی آج دس یورو میں ھوئ ھے

ہاں پاکستانی کال اب مہنگی ھوئ ھے
 یہ زیادتی ھے
دو سو چالیس منٹ کے بجائے اب صرف چالیس منٹ ۔
یہاں پورے یورپ کے ساتھ ماریکہ اور کینڈا کی کال فری ھے
جو حضرات یہاں اکیلے ھیں ماں باپ بیوی بچے سب پاکستان میں ھیں ان پہ ظلم ھے جو پہلے روزانہ ان سے بات کرتے تھے اب ان کے لیے مشکل ھوگی


اصل ظلم تو میری دوست کے بھائ کے ساتھ ھوا ھے ابھی پیچھلے ماہ اس کی پاکستان منگنی ھوئ ھے - تازہ تازہ منگنی شدہ ھے ۔ پہلے جب فارغ ھوتا تھا تو اپنی منگیتر کو کال کرتا تھا اب جب فارغ ھوتا ھے تو نیٹ پہ بیٹھا کوئ سستی کال سروس ڈھونڈتا رھتا ھے
ظلم تو ھوا ھے

Thursday, October 11, 2012

ھم سب بکے ھوئے ھیں






مسلمانوں جاگو ۔ تم کب جاگو گے ۔ دیکھو یہ دجالی طاقتیں ھیں سمجھو
غور کرو ملالہ زخمی ھوتی ھے تو فوراً ھیلی کاپٹر آجاتا ھے اسے ایک اچھے ھسپتال میں داخل کروایا جاتا ھے میڈیا اس خبر کو بار بار نشر کر رھا ھے یہ دجال کے ھاتھوں بکے ھوئے لوگ ھیں طالبان کو پوری دنیا میں بد نام کرنے کے ایک سازش ھے


ارفع کریم کوما میں چلی گئ ۔ وہ کیا تھی پھر لوگوں کو پتا چلتا ھے ھر چینل پہ ایک ھی خبر چلتی ھے اور چلتی جاتی ھے
بہت سے لوگ اس سے پہلے نہیں جانتے پاکستان میں کوئ ارفع کریم بھی بستی ھے میڈیا ارفع کریم کے خاندان پہ ٹوٹ پڑتا ھے ۔ وہ کیا سوچتی تھی اس کے کیا عزائم تھے وہ کیا کرنا چاھتی تھی - ھر سیاست دان کو اس میں اپنی بچی نظر آنے لگتی ھے ۔ ارفع کریم کی خبر بریکنگ نیوز بن جاتی ھے ۔ وہ طالبان کی وجہ سے کومے میں نہیں گئ تھی پھر میڈیا اس خبر کے پیچھے کیوں تھا ؟؟ کون سی دجالی طاقتیں اس خبر کو بار بار چلوا رھی تھیں ؟؟؟


ایک لڑکا کچرا چنتا ھے اور امتحان میں نمایا کامیابی حاصل کرتا ھے ایک چینل پہ خبر چلتی ھے پھر دوسرا چینل میدان میں آجاتا ھے پھر ایک کے بعد ایک ۔ ایک اینکر پرسن اسے اپنے پروگرام میں بلاتا ھے دوسرا پیچھے کیوں رھے وہ بھی ایک پروگرام کرتا ھے ۔ جب میڈیا پہ خبر گرم ھو تو سیاست دان پیچھے کیسے رہ سکتے ھیں سیاست چمکانے کا ایک بہترین موقعہ خبروں میں آنے کا سنہری موقعہ کیسے گنوایا جا سکتا ھے بیان دئیے جاتے ھیں جیسے ان کی وجہ سے بچہ کامیاب ھوا ھے

صوبائ حکومت ایک لاکھ کا اعلان کرتی ھے تو وفاق کی طرف سے دو لاکھ کا اعلان ھوتا ھے پیسے کسی نے اپنے پلے سے نہیں دینے ھوتے بولیاں لگنی شروع ھو جاتی ھیں ھر کوئ سر توڑ کوشش کرتا ھے کہ وہ ثابت کرے وہ عوام کی حقیقی نمائندہ ھے ۔اور حقیقی نمائندے ایک پل کے لیے بھی یہ نہیں سوچتے ھزاروں اعلیٰ ذھن کچرا چننے میں مصروف ھیں انھیں کوئ اسکول میں داخل کروانے والا نہیں ھوتا وہ ان کے لیے بھی کچھ کریں

خبر کوئ بھی ھو مرچ مصالحے کے ساتھ پیش کی جاتی ھے اگر مصالحہ نہ ڈالا جا سکتا ھو تو عوام کو جذباتی کرنے کی کوشش کی جاتی ھے ایک جوان لڑکا کسی بے نام گولی کا شکار ھو جاتا ھے ایک چینل والے اس کے گھر پہنچ جاتے ھیں بوڑھے باپ سے پوچھا جاتا ھے جب وہ لاش کی شناخت کے لیے گئے تو ان کے کیا جذبات تھے ایک بے بس ماں سے پوچھا جاتا ھے جب لاش گھر آئ تو اسے کیا محسوس ھوا ۔ میت پہ آنے والے لوگوں کو سرسری سا دیکھایا جاتا ھے جو عورت سینہ پیٹ رھی ھو اس کا کلوز اپ لیا جاتا ھے جو بین کر رھی ھو اس پہ کیمرہ ٹھہر جاتا ھے خبر چلتی ھے اس  اینگل سے کوئ اور چینل نہیں دیکھا رھا ریٹنگ بڑھتی ھے ۔ ایک جوان بیٹے کے مرنے کے بعد گھر والوں کا کیا حال ھوتا ھے اس سے کسی کو کوئ دلچسپی نہیں ھوتی


ھم نیوز چینل لگاتے ھیں ایک خبر صبح چلتی ھے دوپہر کو ٹی وی آن کرتے ھیں پھر وہھی خبر شام کو پھر وہی خبر ھم بور ھو جاتے اور چینل بدل دیتے ھیں اگر کوئ نئی خبر ھو تو ھاتھ رک جاتا ھے ورنہ چینل بدل جاتا ھے ۔ درجنوں نیوز چینل ھیں اتنی نیوز کہاں سے آئیں نیوز بنانی پڑتی ھیں چوبیس گھنٹے چینل چلانا ھے اچھی ریٹنگ بھی چاھئیے مقابلہ سخت ھے - کوئ خبر ھو سب ھاتھ دھو کر اس کے پیچھے پڑ جاتے ھیں سیاست دانوں کو اپنی سیاست کی فکر ھے چینل والوں کو اپنے چینل کی فکر ۔ مذہبی تنظیمیں انھوں نے بھی اپنی دکانداری چلانی ھے ۔ دجالی فتنے سے ڈرایا جاتا ھے ھر طرف سازشوں کا ذکر ھوتا ھے - جن کی سوچ ھم سے ملتی ھے وہ مسلمان ھیں جو ھماری سوچ سے اتفاق نہیں کرتا وہ ھنود و یہود کا یجنٹ ھے ۔ دجال کا آلہ کار ھے وہ بکا ھوا ھے

ھم کتنے معصوم ھیں دجالی طاقتیں ھمیں خرید رھی ھیں ھمارے سیاست دانوں کو ھمارے ٹی وی چینلز کو ھمارے اینکر پرسن کو ھمارے اخبارات کو - وہ خرید رھے ھیں اور ھم اتنے اللہ لوک ھیں بکتے چلے جا رھے ھیں ان کی ھر سازش کامیاب ھو رھی ھے اور ھم ؟؟؟ ایک ارب سے زائد مسلمان دماغ کیا کر رھے ھیں ؟؟؟
ھم اپنے خلاف شازشوں میں مصروف ھیں ایک ملک دوسرے ملک کے خلاف
ایک تنظیم دوسری تنظیم کے خلاف
ایک فرقہ دوسرے فرقے کے خلاف
ھم ایک دوسرے کو کافر ثابت کرنے میں مصروف ھیں اور خود کو سچا مسلمان سمجھتے ھوئے اس امید پہ ھیں اللہ کوئ معجزہ دیکھائے حالات اپنے آپ ٹھیک ھو جائیں ھم کچھ نہ کریں
ھم بکے ھوئے ھیں ھم سب بکے ھوئے ھیں

Tuesday, October 9, 2012

خالص سجدہ





میں نے ابھی یہ تصویر دیکھی ۔۔ دیکھ کر سوچنے لگی کتنا مخلص اور خالص ھے اس بچے کا سجدہ ۔۔۔ بنا کسی لالچ کے بنا کسی خواہش کے بنا کسی گلے شکوے کے بے غرض ھے اس بچے کا سجدہ ۔۔ نہ یہ جتا رھا ھے اس نے ابھی تک اللہ کی کتنی عبادت کی ھے اور ایک اللہ ھے اس نے ابھی تک اس کی خواہش پوری نہیں کی -----

نہ یہ بچہ یہ جتا رھا ھے کہ اس نے جتنی بھی عبادت کی ھیں اس کا بدلہ جنت میں ضرور ملنا چاھیے -- دنیا کی ڈھیروں خواھشیں آرزوئیں ۔۔ پھر کئ مصروفیات جن کی وجہ سے نماز بھی جلدی جلدی ادا کی جاتی ھے ۔۔۔

بچے مسلمان ھوتے ھیں ماحول انھیں شعیہ سنی بریویلی دیوبندی بناتا ھے ۔۔ ان کے دلوں میں مذھبی تعصب بھر جاتا ھے ۔ کون سا فرقہ کون سے مسلک کے لوگ کافر ھیں یا واجب القتل ھیں

کبھی سندھی بلوچی پٹھان اور پنجابی بنا دیتا ھے اور کبھی ذات کی اونچ نیچ کون گیلانی ھے کون راجپوت کون ملک  -- پھر جب بڑا ھوتا ھے تو پتا چلتا ھے وہ جاگیر دار ھے باقی کمی کمین ھیں  نیچ ذات کے لوگ وہ کتنا اعلیٰ ارفع ھے ایک بڑے رتبے والا اور اپنے رتبے اور مقام کو برقرار رکھنے کے لیے اسے دل میں نفرت کو زندہ رکھنا ھوگا نہیں تو ان جیسا ھو جائے گا ۔۔۔۔۔

کتنے خانوں میں نفرت بھری جاتی ھے تہہ در تہہ پوری زندگی وہ نفرتیں نبھاتے ھوئے گزار دیتا ھے - خالص انسان بننے کا وقت کب ملتا ھے وہ انسان جو اللہ نے بنایا تھا - ھم ان سب لوگوں کو دیکھتے ھیں جو دنیا کے رنگ میں رنگے ھوئے ھوتے ھیں اللہ کا بندہ کون ھے ؟؟؟


مسلمان تو بچے ھوتے ھیں بڑے ھو کر تو سب ایک دوسرے کی نظر میں کافر بن جاتے ھیں - پتا نہیں اللہ کی نظر میں کون کیا ھے مسلمان ھے یا کافر  ---

خالص سجدے تو بس بچوں کے ھوتے ھیں پھر تو دنیا جکڑ لیتی ھے اپنے بس میں کر لیتی ھے اور پھر آخری سانس کے ساتھ آزادی ملتی ھے جسم تو تابوت میں قید ھو جاتا ھے اور روح آزاد ھو جاتی ھے اور روح بھی وہ جو دنیا کی آلودگیوں میں لتھڑی ھوئ روح

Wednesday, October 3, 2012

خوشی کی خبر


میل باکس کھولا تو تو ایک ای میل سامنے آئ یہ ایک تبصرہ تھا جو کسی نے میرے بلاگ پہ کیا تھا ۔۔ تو مجھے یاد آیا میرا ایک بلاگ بھی تھا جو بھولی بسری یاد بن چکا ھے ھفتوں کیا مہینوں گزر گئے بلاگ کو دیکھے ھوئے بلاگ پہ جھانکا تو کسی آسیب ذدہ گھر کا منظر پیش کر رھا تھا جس کے بھوت پریت بھی چھوڑ کے جا چکے ھیں ھمت کی داد دیتی ھوں ان لوگوں کی جو روزانہ بلاگ پہ نجانے کیا تلاش کرتے ھوئے آتے ھیں ۔۔۔۔۔


زندگی ایک بار ھی ملتی ھے اس کو ھنسی خوشی گزارنا چاھیے اور خوشی کے لیے ضروری ھے نیوز چینلز سے کوسوں دور رھا جائے اس لیے نیوز چینل دیکھنا ھی چھوڑ دیئے میری دوست نے پوچھا آج کل پاکستان کی سیاست کا کیا حال ھے تو میں نے جواب دیا ملک کی سیاست کے حال کی تو سیاست دانوں کو بھی خبر نہیں‌ ھمیں کیسے خبر ھو سکتی ھے


سوچا تھا کوئ خوشی کی خبر ھو گی تو لکھونگی خوشی کی خبر اور کسی پاکستانی نیوز چینل پہ نا ممکن ھے نیوز کاسٹرز کے سجے سنورے چہرے مگر مجال ھے کبھی کوئ خوشی کی خبر سنا دیں ۔ آج ایک چینل لگایا تو ایک اینکر پرسن فرما رھے تھے بہت عرصے کے بعد عوام کو ایک خوشی کی خبر ملی ھے جس کا جشن عوام دل کھول کر منا رھے ھیں

اور وہ خوشی کی خبر کیا ھے ؟؟؟

وہ خبر یہ ھے کہ پاکستان ٹی ٹونٹی کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا ھے ۔۔ عوام کو بہت بہت مبارک ھو ۔ آخر ایک خوشی کی خبر مل گئ ۔ اور انڈیا کے کھیل سے باھر ھونے کی خبر نے جیت کا لطف دوبالا کر دیا ۔۔۔۔
عاشقانِ کرکٹ آتش بازی کرکے اور ھوائ فائرنگ کر کے اپنے عشق کی انتہا کا عملی ثبوت پیش کر رھے ھیں ۔ اب پتا نہیں اس عشق کی دیوانگی میں کتنے شہیدِ کرکٹ  کے مرتبے فائز ھوئے ھوں گے